اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں القادر ٹرسٹ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرتے ہوئے کیس کی سماعت 27 نومبر تک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کی۔
نیب کے پراسیکیوٹر مظفرعباسی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان اور ان کے وکیل لطیف کھوسہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا اور کیس کی سماعت 27 نومبر تک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت نے نیب کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے مزید 4 روز تک اڈیالہ جیل میں تفتیش کی اجازت دیدی۔
گزشتہ روز نیب ٹیم القادر ٹرسٹ کیس میں چئیرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کرنے اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔ نیب ٹیم میں ایڈیشنل ڈائریکٹر مستنصرامام اور محمد غفران شامل تھے،جنہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل کے کانفرنس روم میں تفتیش کی۔