تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ درست تھا، آصف علی زرداری

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف زرداری نے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے پی ٹی آئی حکومت میں پیپلز پارٹی کو پی ٹی آئی سے اتحاد کیلئے 6 وزارتوں کی پیشکش کی گئی۔

نجی ٹی وی کوانٹرویو میں آصف زرداری نے بتایا پی ٹی آئی حکومت مائنس زرداری پیپلز پارٹی چاہتی تھی، انہیں ملک سے باہر جانے کا کہا گیا،پی ٹی آئی حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد درست فیصلہ تھا، پی ٹی آئی چیئرمین کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تنہا ہوگیا تھا، وہ ملکی معیشت کے دشمن تھے، انہیں نہ نکالتے تو وہ ایک فوجی کے ذریعے آر او الیکشن کرا کے 2028 تک حکومت بنا لیتے، پھر ایک کلو دودھ کیلئے ٹرک بھر کر پیسے لے جانے پڑتے، یقین ہے اگلے الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، اسی لیے ان کی جماعت ایکشن میں ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ بلاول ابھی تربیت یافتہ نہیں کچھ وقت لگےگا۔ بلاول میں مجھ سے زیادہ ٹیلنٹ ہے لیکن تجربہ تجربہ ہوتا ہے۔ 18 ویں ترمیم کے بعد ہم نے تھر کے کوئلے کو ترقی دی۔ پیپلزپارٹی وہ کہتی ہے جو حقیقت ہے۔

انھوں نے کہا کہ پرویزالٰہی جیل میں بیٹا باہر بیٹھا ہے، بیٹے کو غیرت نہیں کہ واپس آجائے۔ بہتر ہے کہ اس نہج پرچلیں کہ آگے بھی چل سکیں۔ ضروری نہیں کہ ن لیگ لیڈ کرے، دوسری جماعتیں اور شخصیات بھی ہیں۔ تجارت کی وزارت ہمارے پاس تھی لیکن پالیسی تو کابینہ نے ہی بنانی تھی۔