کراچی : گلشن اقبال راشد منہاس روڈ پرتیزرفتارکارکی ٹکرسے موٹرسائیکل سوارایک شخص جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا،جاں بحق ہونے والا پولٹری فارم کے انڈوں کا ڈیلراور4 بچوں کا باپ تھا،حادثے کے ذمے دارکارڈرائیور اوراس کے ساتھی کو شہریوں نے فرار ہونیکی کوشش کے دوران پکڑکرکارسمیت پولیس کے حوالے کردیا،عینی شاہدین کے مطابق ڈرائیور اوراسکا ساتھی نشے میں دھت لگتے تھے، کارکا ڈرائیورپولیس افسرہے جسے پولیس بچانے کی کوشش کررہی ہے،موقع پرموجود شہریوں نے حادثے کے بعد فرارہونیکی کوشش کرنے والے کار کے ڈرائیور اوراسکے ساتھی کو پکڑلیا اور پولیس کے پہنچنے پرحوالے کردیا گیا جبکہ اسکی کار ٹویوٹا کرولا ABD-007 پولیس نے قبضے میں لیکریوسف پلازہ تھانے منتقل کردی۔
قانون کے محافظوں کو جیسے معلوم ہوا کہ پکڑے جانے والوں میں ایک انکا افسر ہے تو اسے ناصرف عزت دینا شروع کردی گئی بلکہ میڈیا سے بچانے کے لیے ایس ایچ او یوسف پلازہ شاہد راؤ کے سائیڈ روم میں چھپا دیا گیا،ایس ایچ او نے اپنے طورپرہرممکن کوشش کی جاں بحق شخص کے ورثا مقدمہ درج نہ کرائیں،ایس ایچ او نے واقعے کے حوالے سے میڈیا کوکچھ بتانے سے انکارکرتے ہوئے کہا کہ ابھی بات چیت چل رہی ہے دونوں میں مفاہمت ہونیوالی ہے جسکے بعد میڈیا کے پاس چلانے کیلئے کچھ نہیں بچے گا،انہوں نے حادثے کے ذمے دارکارڈرائیورکا نام بتانے سے بھی انکار کیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ حادثے کا ذمے دار کارڈرائیور اوراسکا ساتھی نشے میں تھے،جاں بحق کی شناخت 60 سالہ بشیراحمد صدیقی جبکہ زخمی کی شناخت 60 سالہ عبد الکریم کے نام سے کی گئی،متوفی کے بھائی نے بتایا کہ بشیراحمد صدیقی گلشن اقبال کے رہائشی اور4 بچوں کے باپ تھے انکا ایک بیٹا آسٹریلیا،ایک سعودیہ میں جبکہ ایک بیٹی امریکا میں مقیم ہے جبکہ چھوٹی بیٹی پاکستان میں والدین کے ساتھ رہائش پذیرہے،متوفی کے آسٹریلیا میں مقیم بیٹے کی شادی کی تیاریاں چل رہی تھیں،متوفی پولٹری فارم کے انڈوں کا ڈیلرتھا اورفیڈرل بی ایریا میں انکا گودام تھا،واقعے کے وقت متوفی اپنے دوست کے ہمراہ گودام گئے تھے جہاں سے واپس آرہے تھے کہ تیزرفتار ٹویوٹا کرولا کار نے روند ڈالا،حادثے میں زخمی ہونے والا عبدالکریم گلبرگ کا رہائشی ہے جسکی حالت خطرے سے باہرہے۔