اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نجکاری پر فوکس ہے، آئندہ ہفتے سرمایہ کاری کے حوالے سے اچھی خبریں ملیں گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کہا کہ ہمیں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ہنر نہ ہونے کی وجہ سے بھی بعض مسائل ہیں، نوجوانوں کو ہنر سکھانے کیلئے مختلف ٹریننگ پروگرام پر کام ہو رہا ہے، اگلے دس سال میں 10لاکھ نرسز کو تربیت دینے کا پروگرام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نہ صرف خطے بلکہ خطے کے باہر سے بھی سرمایہ کاری پاکستان لانا چاہتے ہیں، پاکستان اور دیگر ممالک کے درمیان کچھ ایم او یوز پر دستخط ہوں گے، پاکستان میں آئندہ ہفتے سرمایہ کاری سے متعلق اچھی خبریں ملیں گی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہمارا فوکس نجکاری پر ہے، خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری پر غور کر رہے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری پہلی ترجیح ہے، اداروں سے ریونیو نہیں کما سکتے تو ملک ترقی نہیں کر سکتا، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، انسانی وسائل کی ترقی اور اصلاحات پر کام جاری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی میں سول اور ملٹری قیادت کے لوگ ہیں، ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری پالیسی میں اصلاحات کی جا رہی ہیں، ہمیں اپنے سرمایہ کاروں کو ایس آئی ایف سی میں سرمایہ کاری کیلیے ویلکم کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کیلیے مختلف لائحہ عمل وضع کیے گئے ہیں، جمہوریت میں مثبت رویے کے ساتھ سب کو اپنا کردارادا کرنا ہوگا، پاکستان میں میڈیا آزاد اور خودمختار ہے۔
فلسطین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے کافی تشویشناک صورت حال ہے۔