کراچی: نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو چار روز میں کراچی صاف کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
کراچی میں جسٹس (ر) مقبول باقرکی زیر صدارت تمام سوک ایجنسیز کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام اداروں کو ہدایات کے باوجود کراچی کی حالت بہترنہیں ہوئی، شہرکی صفائی نہیں، گٹرابل رہے ہیں، پہلے شہر کے مسائل تو حل کریں۔
مقبول بار نے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے کام پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے 4 روز میں شہر صاف کرکے رپورٹ دینے کا حکم دیا۔
نگراں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صفائی کا کام کرنے والی کمپنیوں کو عوام کا پیسہ دیتے ہیں، کمپنیوں سے کام لینا سولڈ ویسٹ اور ٹاؤنز کا کام ہے، کراچی میں ہر طرف گندگی ہے، لہٰذا اب کسی صورت معاف نہیں کروں گا۔
اجلاس میں واٹر بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفسر اسد اللہ نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکیم 33 اوراورنگی کے علائقوں میں نکاسی کا نظام نہیں، چھوٹے پلاٹوں پر بنے رہائشی ٹاورز کے گٹر ابلتے ہیں، صفائی ستھرائی و نکاسی کے مسائل حل کرنا سولڈ ویسٹ اور کینٹونمنٹ بورڈ کا کام ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) اور کینٹونمنٹ اگلے ہفتے اپنے اختیارات سے متعلق مسائل حل کریں۔