امام کعبہ کا پاکستان آنا پاکستانی عوام کے لیے اعزاز کی بات ہے،آرمی چیف

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ امام کعبہ کا پاکستان آنا پاکستانی عوام کے لیے اعزاز کی بات ہے، امام کعبہ کا دورہ پاکستانی عوام کے لیے قابل تکریم ہے، دونوں ممالک مثالی، تاریخی، مذہبی اورثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن محمد حمید کی جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات ہوئی، دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے امام کعبہ کو پاکستان کے دورے پر خوش آمدید کہا۔ملاقات میں امام کعبہ نے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے اور اسلام کی غلط تشریحات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں غزہ میں جاری مظالم، مسلمانوں پر ہونے والے ظلم وستم کی مذمت کی گئی اور فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ امام کعبہ کا دورہ پاکستان پاکستانی عوام کے لیے اعزاز کی بات ہے، پاکستانیوں کے دلوں میں سعودی عرب کیلئے گہری عقیدت ہے،دونوں برادرممالک کے درمیان اتفاق رائے سمیت اسٹریٹیجک تعلقات ہیں۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان حرمین شریفین کے لیے بے پناہ عقیدت اور ان کے کسٹوڈین کا احترام کرتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، دونوں ممالک مثالی، تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے اختتام پر امام کعبہ نے مسلم امہ کے امن، استحکام اور اتحاد کے لیے دعا کی۔