مردان : سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو مردان کی عدالت میں پیش کیا گیا۔گذشتہ روز ضمانت پر رہائی کے بعد اسد قیصر کو 9 مئی کیسز میں دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔اسد قیصر کو ڈسٹرکٹ سیشن جج مردان محمد زیب کی عدالت میں پیش کیا گیا۔پولیس کی جانب سے اسد قیصر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ ڈسٹرکٹ سیشن جج مردان نے اسد قیصر کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کردی۔اسد قیصر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
قبل ازیں اسد قیصر نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے خلاف سارا ظلم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کر رہی ہے۔ہسپتال میں طبی معائنہ کے بعد صحا فیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کیلئے جو ماحول بنایا گیا، یہ فری اینڈ فیئر نہیں ہے۔ہم پر سلیکٹڈ کا الزام لگانے والی اپوزیشن آج خود سلیکٹڈ پلس بن گئی ہے ۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس ماحول میں اگر انتخابات ہوئے تو کوئی اسے تسلیم نہیں کرے گا۔ نواز شریف کو وزیر اعظم بنانا ہے تو انتخابات کی کوئی ضرورت نہیں۔ بہتر ہے کہ انوار الحق کاکڑ کی طرح نواز شریف کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے۔