تل ابیب (اُمت نیوز) غزہ میں عارضی جنگ بندی کے بعد یرغمالیوں کی رہائی کا عمل شروع ہوگیا ہے ، اسرائیل کو غزہ سے یرغمالیوں کی ایک فہرست موصول ہوئی ہے جو آج حماس کی جانب سے رہا کیے جائیں گے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز چار روزہ جنگ بندی کے معاہدے کا پہلا دن تھا جب حماس کی جانب سے 24 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا گیا جبکہ اسرائیل نے 39 فلسطینیوں کو رہا کیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی حکام اس فہرست کا جائزہ لے رہے ہیں، اسرائیلی حکومت نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے دوران حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے تمام افراد کی رہائی کے لیے عزم ظاہر کیا ہے۔
دونوں فریقین کے درمیان کئی روز سے جاری جھڑپوں میں یہ پہلا وقفہ ہے، جس کے حوالے سے فی الحال دونوں فریقین کا کہنا ہے کہ جنگ بندی ختم ہوتے ہی جھڑپیں دوبارہ شروع ہو جائیں گی، تاہم امریکی صدر جو بائیڈن نے امید ظاہر کی کہ جھڑپوں میں اس وقفے کو بڑھایا جا سکتا ہے۔
حماس کی جانب سے رہائی پانے والے یرغمالیوں (جن میں اسرائیلی خواتین، بچے اور تھائی فارم ورکرز شامل تھے) کو غزہ سے منتقل کر کے رفح بارڈر کراسنگ پر مصری حکام کے حوالے کر دیا گیا، ان کے ساتھ 4 کاروں کے قافلے میں ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے عملے کے 8 افراد بھی شامل تھے۔