پٹرول کی قیمتوں کا تعین 15 کے بجائے 7 روز بعد کرنے کا پلان تیار

اسلام آبا د (اُمت نیوز) نگران حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کیلئے نئی حکمت عملی بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 روز کے بجائے 7 روز بعد تبدیل کرنے کا پلان تیار کیا ہے۔
اس سلسلے میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور سٹیک ہولڈز سے 5 روز میں تجاوز طلب کی ہیں۔
دوسری جانب آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے قیمتوں میں 7 روز بعد ردوبدل کی حکومتی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
چیئرمین پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین نہیں کیا جا سکتا ، ہم نے 15 روز کے بجائے 30 روز پر قیمت کے تعین کی تجویز دی تھی، پٹرولیم قیمتوں کا 7 روز بعد تعین ترقی پذیر ممالک میں ہے، حکومتی اقدامات سے مارکیٹ میں غیر یقینی پھیلے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر ہفتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت کے تعین سے پمپس تباہ ہو جائیں گے، ایسے فیصلے نہ کئے جائیں جس سے مسائل پیدا ہوں۔