کراچی : (اُمت نیوز) کراچی میں راشد منہاس روڈ پر قائم آر جے شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے کے باعث دم گھٹنے سے اموات کی تعداد6 ہوگئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
فائراینڈ ریسکیو کمانڈر ہمایوں خان کے مطابق آگ بجھانے کیلئے ریسکیو اور دیگر ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جاں بحق اورزخمی افراد کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے ۔
حکام نے بتایا ہے کہ دھویں سے دم گھٹنے سے 9 افراد شدید متاثر ہوئے ہیں جو ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق عمارت میں پھنسے 30سے 35 افراد کو نکال لیا گیا ہے تاہم خدشہ ہے کہ عمارت میں مزید افراد پھنسے ہوئے ہیں۔
حکام کاکہنا ہے کہ عمارت کے چوتھے فلورپر ہے جو تیزی سے پھیل رہی ہے اور بالائی منزل پردھواں زیادہ ہونے کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے ، 8 فائر ٹینڈرز اور 2سنارکل کی مدد سے آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ چھت پر رکھے جنریٹر کی وجہ سے لگی۔
فائر وہیکل کو پانی پہنچانے کے لیے دو باؤزر بھی مصروف عمل ہیں، آگ پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے، ایک فلور پر کولنگ کا عمل بھی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی وجہ سے درجنوں دکانیں بھی جل گئی ہیں، کثیر المنزلہ مال اور اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کردی گئی ہے۔