9 مئی مقدمات، شیخ رشید کی عبوری ضمانت میں توسیع

راولپنڈی(اُمت نیوز)راولپنڈی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی مقدمات میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی عبوری ضمانت میں 9 دسمبر تک توسیع کردی۔
جج ملک اعجاز آصف نے شیخ رشید اور راشد شفیق کے خلاف 9 مئی مقدمات سے متعلق درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر شیخ رشید اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
پراسیکوٹر نے استدعا کی کہ اسپیشل پراسیکیوٹرز آج موجود نہیں اس لیے التوا دیا جائے، وکیل صفائی سردار عبدالرازق نے موقف اپنایا کہ شیخ رشید کا نام 9 مئی کی کسی ایف آئی آرمیں نہیں، 6 ماہ بعد مقدمات میں نام شامل کیے گئے۔
شیخ رشید نے کہا کہ التواء کی خبر بھی اخبار میں چھپ چکی ہے جس پر جج ملک اعجاز آصف نے کہا کہ یہ عدالت کی کریڈیبلٹی کا سوال ہے، خبر سے تاثر ملتا ہے شاید عدالت کو کوئی باہر سے کنٹرول کرتا ہے۔
بعد ازاں اے ٹی سی راولپنڈی نے شیخ رشید اور شیخ راشد شفیق کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔