لاہور(اُمت نیوز)اداروں کے خلاف اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیراور رہنما مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے گئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہورکے جج عبہر گل نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پرعدالت نے جاوید لطیف سمیت دیگر ملزمان کو 9 دسمبر کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
جاوید لطیف جاوید لطیف نے عدالت پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی جس کے بعد عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔
اے ٹی سی لاہور نے مریم اورنگزیب کی بریت کی درخواست پر پراسیکیوشن سے جواب طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ اداروں کے خلاف اشتعال انگیز گفتگو کرنے پر تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے مریم اورنگزیب سمیت دیگر پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
گزشتہ سماعت میں عدالت نے مریم اورنگزیب کی بریت کی درخواست پر پراسکیوشن سے جواب طلب کیا تھا جبکہ لیگی رہنماؤں نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی تھی۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کر دی تھی جب کہ مریم اورنگزیب کے ضمانتی مچلکے بھی مسترد کر دیے گئے تھے۔