کراچی: الیکشن کمیشن نے سندھ ہائیکورٹ بار کے انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا،ریحان عزیز ملک صدر جبکہ بیرسٹر سرفرازعلی جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔جاری نتائج کے مطابق زبیرابڑو نائب صدر، اصغر پٹھان جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوگئے، خازن کی نشست پر حاکم شیر اور خواتین کیلئے مخصوص ایڈیشنل جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پر گلناز کوثر کامیاب قرار پائیں۔
سندھ ہائیکورٹ بار کے انتخابات کے موقع پر انتہائی گہما گہمی دیکھنے میں آئی، وکلاء کی بڑی تعداد نے اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کیا،سندھ ہائی کورٹ بارکے الیکشن میں جنرل سیکریٹری کے امیدوار تہماس رضوی نے سندھ ہائیکورٹ بار کے انتخابات کے نتائج ماننے سے انکارکر دیا۔تہماس رضوی کا کہنا ہے کہ یہ دھاندلی شدہ الیکشن ہیں، اسے تسلیم نہیں کرسکتے، نتائج روک کر دوبارہ پولنگ کرانے کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرادی ہے،الیکشن کمیشن کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر دھاندلی کی گئی ہے۔