پاکستان اور سعودی فٹبال فیڈریشن میں باہمی تعاون کا معاہدہ طے

 

کراچی(اُمت نیوز) پاکستان اور سعودی عرب کی فٹبال فیڈریشن میں باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

معاہدہ کے تحت دونوں ممالک کھیل کے فروغ کیلئے ملکر کام کریں گے۔ آئندہ سال کے کیلنڈر میں پاکستان اور سعودی عرب کی قومی، یوتھ اورویمنز ٹیموں کی مشترکہ سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ فٹبال سے متعلقہ ٹیکنالوجی، اسپورٹس سائنس، ریفریز اور مارکیٹنگ سمیت مختلف معاملات و امور میں معاونت کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک اور سعودی فیڈریشن کے صدر یاسر المسحیال نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر ساف کے جنرل سیکریٹری ابراہیم القسیمی اور این سی کے رکن سعود ہاشمی بھی موجود تھے۔
پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے سعودی فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کی صورت میں ایک اہم سنگ میل عبور ہوا ہے جس سے پاکستان فٹبال کے روشن مستقبل کی جانب پیش رفت میں مدد ملے گی۔

سعود ہاشمی نے کہا کہ سعودی عرب کی پاکستان فٹبال کے سسٹم اور انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔ آنے والے برسوں میں اس کے ثمرات حاصل ہوں گے۔ پاکستان فٹبال کو درست ٹریک پر گامزن رکھنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان فٹبال کی تاریخ میں پہلی بار اس نوعیت کے ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں۔