شیخوپورہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سابق وفاقی وزیر تعلیم و نواز لیگ کے مرکزی سینئر رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے ملکی مسائل کا حل صرف نواز شریف کی قیادت سے ہی ممکن ہے، نواز شریف پرجھوٹے کیس بنا کر ملک و عوام کیساتھ دشمنی کی گئی،نوازشریف نے ہمیشہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا مگر ہر بار نواز شریف کو سازش کے تحت عوامی خدمت سے دور کیا گیا ، عوام ان کی واپسی کو اپنی خوشحالی اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کی واپسی سمجھتے ہیں نواز شریف ہی معاشی بدحالی کو ختم کریں گے، انہیں ناحق سزا نہ ملتی تو آج عوام کو مہنگائی اور بیروزگاری کا سامنا نہ کرنا پڑتا ،ان کیخلاف سازش کی وجہ سے پاکستان ترقی کے عمل میں کئی دہائیاں پیچھے چلا گیا۔
نواز شریف پر جھوٹے مقدمات بنانے والے آج جیلوں میں رو رہے ہیں۔ کوٹ محمود میں اجتماع سے خطاب اور مریدکے میں کلینک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا جن کرداروں نے پاکستان کو نقصان پہنچایا وہ انجام کو پہنچ چکے ہیں، یہ سچ ہے قوم ان کرداروں کا احتساب چاہتی ہے ، نواز شریف انتقام کی سیاست کو دفن کرکےآئے ہیں اور فیصلہ تاریخ اور عوام پر چھوڑدیا ہے، پاکستان کو دوبارہ خوشحال بنانے کیلئے پاک فوج اور محب وطن سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں ،بہت جلد پاکستان اپنا کھویا مقام حاصل کرکے اقتصادی معاشی جغرافیائی طور پر ایشیاء کا ٹائیگر بن کر رہے گا۔