میرے خلاف کرائے کے قاتلوں کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں، فائل فوٹو
میرے خلاف کرائے کے قاتلوں کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں، فائل فوٹو

کرک : عمران خان کو وزیر اعظم بنائیں گے،شیرافضل مروت کا ٹیلی فون خطاب

کرک: پاکستان تحریک انصاف نے تمام تر دباؤ اور پابندیوں کے باوجود کرک سٹی میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جس میں ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی ،پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر شیر افضل مروت نے کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب کیا ، پی ٹی آئی نے ورکرز کنونشن کے لئے انتظامیہ کو درخواست دی تھی جسکی منظوری نہیں دی گئی جس کے بعد پی ٹی آئی نے ہر صورت کنونشن انعقاد کا اعلان کررکھا تھا، متوقع صوبائی امیدوار پی کے 97 محمد خورشید خٹک کے حجرے کے باہر کنونشن ہونا تھا تاہم صبح سے ہی پولیس نے لگائے گئے پوسٹر اور جھنڈے اکھاڑ کر پنڈال اور خورشید خٹک کی رہائشگاہ کو حصار میں لے لیا تھا تاہم 2 بجے کے قریب ضلعی صدر عنایت اللہ کی قیادت میں کارکنوں کے ایک بڑے قافلے نے پولیس حصار کو توڑ کر جلسہ گاہ میں داخل ہوئے ،پولیس نے معمولی مزاحمت میں ہی عافیت سمجھی جسکے بعد مختلف علاقوں سے قافلوں کی آمد جاری رہی اور پنڈال میں جگہ کم پڑ گئی ۔کنونشن سے ریجنل صدر سابق ایم این اے شاہد خٹک متوقع امیدوار پی کے 97 محمد خورشید،ضلعی صدر عنایت اللہ،تحصیل چیئرمین ہیڈ کوارٹر عظمت علی،میجر سجاد،ثناء اللہ شاہ اور دیگر نے خطاب کیا۔

مرکزی نائب صدر شیر افضل مروت نے اسلام آباد سے ٹیلی فونک خطاب کیا ۔مقررین کا کہنا تھا کہ الیکشن کا اعلان ہوچکا ہے، تمام جماعتوں کو انتحابی مہم کی آزادی ہے مگر پاکستان کی سب سے بڑی جماعت پی ٹی آئی کو اجازت نہیں دی جارہی، انتخابی مہم چلانا ہمارا جمہوری حق ہے، ہمیں کیوں اس سے محروم رکھا جارہا ہے ،سب ملکر بھی پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کرسکتے، الیکشن میں پی ٹی آئی کلین سویپ کریگی اور عمران خان کو وزیر اعظم بنائینگے ۔