مقبوضہ کشمیر میں بھارتی چھاپے ،متعدد نوجوان گرفتار

سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ سے تین نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتارنوجوانوں کی شناخت ضمیر احمد کھانڈے، محمد نسیم اور منظور احمد بھٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو بغیر کسی وجہ کے لوگوں کو بے رحمی سے قتل کیا جا رہا ، دنیا بدترین صورتحال کا نوٹس لے، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں فریدہ بہن جی ،غلام محمد خان سوپوری، عبدالاحد، محمد سلیم زرگر، ایڈووکیٹ ارشد اقبال اور مولانا مصعب ندوی نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان کشمیری عوام کے بہترین مفاد میں ہے اور کشمیری ہمیشہ پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کی دعا کرتے ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ )کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا ہے کہ علاقے کی موجودہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے۔

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداﷲ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو دفعہ370کی منسوخی کے بعد صرف دھوکے، مشکلات اورپریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔مزید براں مقبوضہ کشمیرمیں سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے 27اکتوبر 1947کو سرینگر میں اپنی فوجیں اتارنے کے بعد سے مقبوضہ جموں و کشمیر ظالمانہ فوجی محاصرے میں ہے۔ سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے سرینگر میں اپنے انٹرویوز اور بیانات میں کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی فوج کے جابرانہ قبضے میں رہنے والے کشمیریوں کا دکھ درد ان کی زندگیوں کا حصہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو وحشیانہ طریقے سے دبانے کے لیے 10لاکھ سے زائد بھارتی فوجی مقبوضہ جموں وکشمیر میں تعینات ہیں۔

قابض فوجیوں نے اگست 2019میں مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے کشمیریوں کے خلاف ظالمانہ کارروئیوں کو تیز کر دیا ہے۔ سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ہر قسم کے وحشیانہ ہتھکنڈے استعمال کر کے کشمیر کو اس کے باشندوں کے لیے ایک جہنم میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری مقبوضہ علاقے میں روزانہ کی بنیاد پرقتل عام، ماورائے عدالت قتل، شبانہ چھاپوں اور تشدد کا سامناکر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایاکہ دنیا کب تک مقبوضہ جموں وکشمیرمیں فوجی درندگی پر خاموش رہے گی؟ انہوں نے کہا کہ فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کے مطالبہ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری تشدد اور ظلم وبربریت کودنیا بھر میں اجاگرکیا جائے۔