عارضی جنگ بندی کا آج آخری روز،13اسرائیلی اورچار غیر ملکی یرغمالی رہا

غزہ (اُمت نیوز)حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی کا آج آخری روز ہے، تیسرے روز معاہدے کے تحت 13 اسرائیلی یرغمالیوں اور چار غیر ملکیوں کو رہا کیا گیا ۔
عارضی جنگ بندی کے تیسرے روز حماس نے اسرائیل کے 13 یرغمالی ریڈ کراس کے حوالے کیے، اسرائیلی حکام نے یرغمالیوں کی رہائی کی تصدیق کردی۔حماس کی جانب سے رہائی کے بعد انٹرنیشنل ریڈ کراس کے حوالے کیے گئے 13 اسرائیلی یرغمالیوں میں دوہری شہریت کی حامل 4 سالہ امریکی بچی سمیت 9 بچے اور 4 خواتین شامل ہیں، اس سے پہلے بھی یرغمالیوں کے دونوں گروپ جنوبی غزہ میں ریڈ کراس کے حوالے کیے گئے تھے۔

ادھر امریکی صدر بائیڈن نے یرغمالیوں میں ایک چار سالہ امریکی بچی کے رہا ہونے کی بھی تصدیق کردی ہے، حماس کی جانب سے 3 تھائی شہریوں سمیت ایک روسی شہری کو بھی رہا کیا گیا ہے۔
دوسری جانب معاہدے کے تحت حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے میں اسرائیل کو بھی 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا پڑا ہے جبکہ معاہدے کے تحت امدادی سامان کے ایندھن اور گیس کے چار ٹرکوں سمیت 120 امدادی ٹرک بھی غزہ میں داخل ہوگئے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ کی 80 فیصد آبادی بے گھر ہو گئی ہے جس کی تعداد 17 لاکھ سے زیادہ ہے، 10 لاکھ سے زیادہ فلسطینی 156 پناہ گزین مراکز میں موجود ہیں، اسرائیلی فوج پناہ گزین مراکز پر بھی بمباری کر چکی ہے۔

جنگ بندی کے دوسرے روز حماس نے اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے یرغمالیوں کی رہائی عارضی طور پر مؤخر کر دی تی تاہم بعد میں قطر اور مصر کی کوششوں کے بعد 13 اسرائیلیوں اور 7 غیر ملکی یرغمالیوں کو رہا کیا گیا تھا جس کے بدلے اسرائیل کو بھی 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا پڑا تھا۔