اسلام آباد: لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں کلین چٹ مل جائے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ عدالت عالیہ نے کہا ہے نواز شریف کے مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی اور میں فیصلہ بتا دیتا ہوں کہ بادشاہ سلامت کو کلین چٹ مل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیسز میں کلین چٹ حاصل کرنے کے بعد کہیں گے ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات بنے، البتہ اس طرح سے بےگناہی ثابت نہیں ہوتی جب کہ عوام بھی اسے تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ شریف برادران نے ملک کو بہت لوٹا، انہیں اقامے پر نہیں نکالا گیا بلکہ وہ دس والیمز ہیں جن میں ان کے کالے کرتوت آشکار ہیں۔