راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے رائل سعودی بری فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن عبداللہ المطیر نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے دفاع، سیکیورٹی اور فوجی تربیت سمیت دیگرشعبوں میں تعاون، علاقائی صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔خطے میں امن قائم کرنے میں دی گئی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا آرمی چیف نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔