دہشت گردی کیخلاف کثیرالقومی مشق فجر الشرق پنجم کا انعقاد

راولپنڈی انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے دو ہفتے طویل کثیر القومی مشترکہ انسداد دہشت گردی کی مشق فجر الشرق-V کا انعقاد خیبرپختونخوا کے ضلع پبی میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر میں کیا گیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سنٹر پبی میں کثیر القومی مشترکہ انسداد دہشت گردی کی مشقوں کا انعقاد کیا گیا، دو ہفتے پر محیط تربیتی مشقوں فجر الشرق پنجم میں برادر ممالک کی سپیشل فورسز کے دستوں نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فجر الشرق پنجم میں پاکستان، بحرین، عراق اور کویت کی اسپیشل فورسز نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مختلف مشقیں کیں، ان مشقوں کا مقصد انسداد دہشت گردی کے مختلف پہلوئوں کے حوالے سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مشقوں کے درمیان شریک ممالک کے دستوں کی جانب سے بھرپور جوش اور جذبے کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔