غزہ : قطر نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی میں مزید دو روز کی توسیع ہو گئی ہے۔ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے بتایا کہ قطر نے بحیثیت ثالث جنگ بندی میں مزدو روز کی توسیع کے معاہدے کی تصدیق کر دی ہے۔ حماس نے بھی کہا کہ اسرائیل کے ساتھ 4 روزہ جنگ بندی کی شرائط پر دو روزہ توسیع کے لیے قطر اور مصر سے اتفاق کرلیا ہے۔ یاد رہے آج صبح 7 بجے چار روزہ جنگ بندی معاہدے کا وقت ختم ہو رہا ہے ۔
اتوار کے روز ایک بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ میرا مقصد ہے اور یہی ہم سب کا مقصد ہےکہ اس وقفے کو جاری رکھیں۔ جوبائیڈن نے دعویٰ کیا کہ حماس غزہ پر مکمل طور پر کنٹرول کھوچکا ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نے بائیڈن سے ملاقات میں کہا تھا کہ ہم جنگ بندی معاہدے میں توسیع کا خیر مقدم کریں گے ۔ تاہم اسی دوران نیتن یاہو نے یہ بھی واضح کیا کہ جیسے ہی عارضی جنگ بندی کا خاتمہ ہوگا اسرائیل پوری طاقت کے ساتھ اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے حملے کرے گا۔
نیتن یاھو نے کہا یرغمالیوں کی واپسی اور حماس کو ختم کرنے کی پوری کوشش کر رہے۔ قبل ازیں حماس رہنماؤں نے مزید 20 سے 40 اسرائیلیوں کی رہائی کو ممکن قرار دیا تھا۔ یاد رہے چار روز ہ جنگ بندی میں 50 اسرائیلیوں کے بدلے 150 فلسطینیوں کی رہائی کا معاہدہ کیا گیا تھا۔