اسلام آباد(اُمت نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر گمشدگی کیس کی سماعت آج ہوگی۔
آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین سفارتی سائفر کیس کی سماعت کریں گے۔
واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے سفارتی سائفر گمشدگی کیس میں دونوں ملزمان کو آج پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کا جیل ٹرائل اور 29 اگست کے بعد کی عدالتی کارروائی کالعدم قرار دی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف جیل ٹرائیل سے متعلق 29 اگست ، 12ستمبر، 25ستمبر ، تین اکتوبر اور 13 اکتوبر کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کی کوئی قانونی حثیت نہیں۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ وفاقی کابینہ نے 13 نومبر سابق وزیر اعظم کے خلاف سائفر مقدمے کس ٹرائل کرنے کی منظوری دی تھی اور پھر وزارت قانون نے 15 نومبر کو اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، ایسے نوٹیفکیشن کا اطلاق ماضی میں اس مقدمے میں ہونے والی عدالتی کارروائی پر نہیں ہوسکتا۔
اس کے علاوہ عدالت نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت کے جج کی تعیناتی کو درست قرار دیا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کو 4 ہفتوں میں سائفر کیس کا ٹرائل مکمل کرنے حکم بھی دے رکھا ہے۔