سائفر کیس،جیل حکام کی عمران خان اور شاہ محمود کو عدالت پیش کرنے سے معذرت

راولپنڈی (اُمت نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت جاری ہے۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر، ایف آئی اے پراسیکیوٹر شاہ خاور اور ذوالفقار عباس عدالت میں پیش ہوئے، چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں اور شاہ محمود قریشی کی بیٹی عدالت میں موجود ہیں۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ آج دو مختلف معاملات عدالت میں ہیں، امید تھی چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش کریں گے لیکن نہیں کیا گیا، البتہ مجھے کچھ تحفظات تھے کہ ہم بہت جلدی میں چل رہے ہیں۔
جیل حکام نے عدالت میں رپورٹ پیش کر دی جس کے مطابق وہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش نہیں کر سکتے، اسلام آباد پولیس کو اضافی سکیورٹی کیلئے خط لکھا اور بتایا گیا چیئرمین پی ٹی آئی کو سکیورٹی خدشات ہیں۔
واضح رہے کہ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی تین اور شاہ محمود قریشی کی دو مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت بھی آج ہوگی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین سماعت کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف تھانہ کھنہ میں دو اور تھانہ بہارہ کہو میں ایک مقدمہ درج ہے جبکہ شاہ محمود قریشی کیخلاف تھانہ کھنہ میں دو مقدمات درج ہیں۔