حماس کے حسن سلوک کا سب کو بتاؤں گی،رہا اسرائیلی خاتون کا خط سامنےآ گیا

تل ابیب (اُمت نیوز) غزہ میں مشکل حالات اور نقصان کے باوجود ہم سے برتے جانے والے آپ کے حسن سلوک کا میں سب کو بتاؤں گی، حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کی جانب سے رہا کی گئی اسرائیلی خاتون دنیال اور ان کی ننھی بیٹی ایمیلیا کا خط سامنے آگیا۔

اسرائیلی ماں بیٹی کی جانب سے رہائی کا شکریہ ادا کرنے کیلئے عبرانی زبان میں تحریر کیے گئے خط میں دوران قید القسام بریگیڈز کے جنگجوؤں کے حسن سلوک کی تعریف کرتے ہوئے کہنا ہے کہ مجھے لگتا ہے کہ آنے والے دنوں میں ہم ایک دوسرے سے جدا ہو جائیں گے لیکن میں آپ سب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہوں کہ آپ نے میری بیٹی کے ساتھ حسن سلوک اور محبت کا مظاہرہ کیا۔

اسرائیلی قیدی خاتون نے مجاہدین کیلئے لکھا کہ آپ نے میری بیٹی سے والدین کی طرح سلوک کیا، اسے اپنے کمروں میں بلاتے اور اسے یہ احساس دلایا کہ آپ سب اس کے صرف دوست نہیں بلکہ محبت کرنے والے ہیں، آپ کی شکر گزار ہوں اس سب کیلئے جب آپ گھنٹوں دیکھ بھال کرتے، صبر کرنے اور ساتھ ساتھ مٹھائیوں، پھلوں اور جو کچھ بھی میسر تھا اس سے ہمیں نوازنے کیلئے شکریہ۔

خاتون نے مزید لکھا کہ میری بیٹی خود کو غزہ میں ملکہ سمجھتی تھی اور سب کی توجہ کا مرکز تھی، اس دوران مختلف عہدوں پر موجود لوگوں سے واسطہ رہا اور ان سب نے ہم سے محبت، شفقت اور نرمی کا برتاؤ کیا، میں ہمیشہ ان کی مشکور رہوں گی کیونکہ ہم یہاں سے کوئی دکھ لیکر نہیں جا رہے، آخر میں مجاہدین اور ان کے اہلخانہ کی صحت اور تندرستی کیلئے دعا بھی کی۔