کوئٹہ: ہمارا عمران خان سے سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن جو کچھ ان کے خلاف اخبارات میں لکھا جارہا ہے یا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے یہ انتہائی غیراخلاقی طرزعمل ہے، پرنٹ الیکٹرانک و سوشل میڈیا پرعمران خان کے خلاف اخلاقیات سے گرا پروپیگنڈا قابل افسوس اورقابل مذمت ہے ۔ یہ کیا طریقہ ہے کہ پہلے انہیں وزیراعظم بنایا گیا، پارلیمنٹ ان کے حوالے کیا گیا اورآج ان کے خلاف جو کچھ کہا جارہا ہے وہ پڑھنے کے بھی قابل نہیں، ملک کے ادارے اتنے باصلاحیت ہیں کہ وہ گدلے پانی میں سوئی تک ڈھونڈ سکتے ہیں تو کیا یہ آج جوعمران کے خلاف کہا جارہا ہے انہیں پہلے اس کا پتہ نہیں تھا؟ کہ انہیں وزیراعظم بنایا گیا۔ لوگوں کی اس طرح سے جاسوسی کرنا، ان کے رشتے داروں کے متعلق جانکاری کرنا اور پھرایسی خطرناک الزام تراشیاں کرنا غیراخلاقی، غیرسیاسی، غیرآئینی،غیرانسانی عملیات ہیں اورسیاست کے معیار کو گرانے کے مترادف ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار محمودخان اچکزئی نے پارٹی ضلع کوئٹہ سے مربوط تحصیل سٹی کے زیراہتمام کارکنوں کے تربیتی سیمینار اورشالدرہ میں شمولیت کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ عمران خان کو لوگوں نے وزیراعظم بنایا، پارلیمنٹ ان کے حوالے کردی، اگرچہ عمران خان کے ساتھ میرا کوئی رشتہ نہیں لیکن کچھ شرم وحیا ہونی چاہیے آج جو کچھ عمران خان کیخلاف اخبارات میں چھاپا جارہا ہے وہ پڑھنے کے بھی قابل نہیں، اتنا گرنا نہیں چاہئے۔ عمران خان کے ساتھ سیاسی اختلافات ہیں، آپ کے تو ٹھیک ہیں ان کی پارٹی کے لوگ ادھر اُدھر بھاگ رہے ہیں، کیا آپ کو آج یہ پتہ چلا کہ عمران خان ان عملیات میں ملوث ہیں، سیاست میں اتنا گرنا نہیں چاہئے کہ ہم ایک دوسرے کے رشتے داروں کی عزت و آبرو پر حملہ آور ہوں، یہ آپ کس طرف جارہے ہیں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم نے کیوں انگریزوں کیخلاف آزادی کی تحریک چلائی، اگر چہ انگریزوں نے ہمیں بہترین ریلوے کا نظام، اسپتالوں کا نظام، سڑکوں کا نظام، تعلیمی نظام دیا، ہمارے اکابرین نے اس لئے ان کے خلاف تحریک چلائی کہ ان محکوم اقوام نے اپنی اپنی سرزمین پرحق ملکیت، حق حاکمیت اورحق خودداریت مانگی ۔ آج بلوچ لڑرہا ہے، ان کے قدرتی وسائل پر ان کا اختیار نہیں، گیس ان کے وطن سے نکلی ہے، پورا پنجاب اورملک ان کی گیس کا بے دریغ استعمال کررہا ہے اوران کی خواتین خس وخاشاک اکھٹی کرکے روٹیاں پکاتی ہیں ۔ انہوں نے شمولیت کرنیوالوں کو مبارکباد پیش کی اورکہا کہ پارٹی میں شامل ہونیوالے اپنی مرضی اورخوشی سے اس تحریک کا حصہ بن رہے ہیں لیکن پارٹی کے اندرچلنا پھرپارٹی کی مرضی سے ہوگا ۔ پارٹی کارکن ظالم اورمظلوم ،حق وباطل کی لڑائی میں ہمیشہ مظلوم کاساتھی بن کرحق کاساتھ دیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos