حماس نے مسک کو غزہ میں تباہی کے معائنے کی دعوت دے دی

بیروت (اُمت نیوز)حماس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ارب پتی سربراہ ایلون مسک کو غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے ہونی والی تباہی کا معائنہ کرنے دعوت دی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے مطالبہ ایسے وقت کیا گیا ہے، جب ایکس کے سربراہ بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ حماس کے نشانہ بنائے جانے والی جگہ کا دورہ کرنے گئے تھے۔
حماس کے ایک سینیئرعہدیدار اسامہ حمدان نے بیروت میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم مسک کوغزہ کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ وہ عوام کے خلاف ہونے والے قتل عام اور تباہی کا اندازہ لگا سکیں۔
یاد رہے کہ غزہ کی سرحد سے 3 کلومیٹر دور کفارعزا میں پیر کو اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ مسک موجود تھے، جہاں حماس کے ہاتھوں 50 سے ذائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ قتل کے ارادے رکھتے ہیں انہیں بے اثر ہونا چاہیے ساتھ ہی یہ پروپیگنڈہ بھی بند ہونا چاہیے، جو لوگوں کو مستقبل میں قاتل بننے کی تربیت دے رہے ہیں، غزہ کو خوشحال بنانا ہوگا، اگر ایسا ہوتا ہے تو مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک اچھا مستقبل ہوگا۔
مسک کا دورہ اسرائیلی فوجی مہم کے وقفے کے دوران ہوا، مسک 27 نومبر کی صبح تل ابیب پہنچے تھے، جس کے بعد انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
اسامہ حمدان نے کہا کہ 50 روز کے اندر اسرائیل نے غزہ کے نہتے لوگوں کے گھروں پر40 ہزار ٹن سے ذائد دھماکا خیز مواد گرایا۔ انہوں نے امریکی صدر بائیڈن سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ امریکی تعلقات پر نظرثانی کریں اور انہیں ہتھیاروں کی فراہمی بند کریں۔
واضح رہے کہ جو بائیڈن نے اپنی فوجی مہم میں بڑے پیمانے پر اسرائیل کی حمایت فوجی اور سفارتی حمایت کی ہے تاہم امریکا نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی حکمت عملی تبدیل کرے۔