غزہ جنگ بندی کا چھٹا روز، حماس نے مزید 12اسرائیلی رہا کردیے

غزہ (اُمت نیوز)غزہ میں عارضی جنگ بندی کا آج چھٹا اور آخری روز ہے، حماس نے مزید 12 اسرائیلی یرغمالی رہا کر دیے، جن میں دو روسی خواتین بھی شامل ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے 30 فلسطینی قیدیوں کی رہائی تاخیر کا شکار ہے، چھ دن کی جنگ بندی کے دوران حماس کی جانب سے رہا کیے گئے یرغمالیوں کی تعداد 93 ہوگئی، جبکہ اسرائیلی جیلوں میں قید 180 فلسطینیوں کو آزادی ملی۔

دوسری جانب جنگ بندی میں توسیع کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں، حماس نے جنگ بندی میں توسیع پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس جنگ بندی میں چار روز کی توسیع چاہتی ہے، جبکہ اسرائیل نے 24 گھنٹے میں 10 یرغمالیوں کی رہائی کی شرط رکھ دی ہے۔

اقوام متحدہ میں سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے پریس کانفرنس میں مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا قطر اور مصر کی کوششوں سے جنگ بندی میں توسیع کا امکان ہے تاہم عارضی جنگ بندی مسئلے کا حل نہیں۔

اقوام متحدہ میں چین کے سفیر نے جامع اور پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا جنگ دوبارہ شروع ہوئی تو پورا خطے لپیٹ میں آ جائے گا۔