لاہور میں عدالتی پیشی پر جاتے ہوئے استنبول چوک پر پرویز الہیٰ کے اسکواڈ کی گاڑی نے وکیل کی گاڑی کی ٹکر ماردی۔ پرویز الہیٰ نے وکیل کو ہرجانہ دینے کی کوشش کی مگر وکیل نے رقم لینے سے انکار کر دیا۔
وکلاء جب اسپشل سنٹرل عدالت پہنچے تو اس بارے میں پرویز الہیٰ کو بتایا گیا،اسکواڈ کی گاڑی سے ٹکر کے بعد پرویز الہیٰ نے وکیل سے معذرت کی اور اسے 60 ہزار روپے پیش کیے، لیکن وکیل نے رقم لینے سے انکار کردیا۔
اس کے بعد پرویز الہی نے وکلا کو بسکٹ کھلائے اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دعا کریں میں مقدمات سے بری ہوجاؤں۔
لاہور کی عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا نوازشریف کی فوری بریت کے بعد ان کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی نہیں رہا۔ نواز شریف اور شہباز شریف عوامی عدالت میں اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کیلئے تیار رہیں۔
چوہدری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ہیرا پھیری کے چمپئین شریف برادران اللہ تعالیٰ اور عوام کی عدالت سے کیسے بچیں گے؟ اس بار قوم انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھاؤ یاد کروا دے گی۔