جو لیڈرملک کو آگے لے جائے بعض قوتیں اسے پیچھے کھینچتی ہیں،آصف زرداری

کوئٹہ : پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو آگے لیجانے والے لیڈر کو پیچھے کھینچنے والی بہت سی طاقتیں موجود ہیں۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور تمام پارٹی قائدین کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان میں ہر خوبی ہے، بلوچستان پاکستان کا دل ہے، افسوس ہے اسلام آباد اور دوسرے صوبوں کو نظر نہیں آتا کہ دل بلوچستان ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو نظر آتا ہے بلوچستان پاکستان کا دل ہے، بلوچستان کی دھرتی کے نیچے بہت بڑا غم اور دکھ پھیلا ہوا ہے، ہم نے بلوچستان والوں کو اپنی دھرتی کا مالک بنانا ہے، پاکستان ایک ایکسپورٹ ملک تب بنتا ہے جب بلوچستان کے پاس پانی آتا ہے، ہم بلوچستان کو پانی دیں گے، ہمارے پاس فارمولے ہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ ہمارے پاس ملکی مسائل کے حل کیلئے فارمولے ہیں، میرے بیٹے نے پہلا نوجوان وزیر خارجہ بنکر پرچم اونچا کیا، آج لوگ بلاول بھٹو کو اس کی اپنی شناخت سے جانتے ہیں، ہم نے ہر موسم میں بلاول بھٹو کی سپورٹ، تربیت کرنی ہے، ہم نے بلاول کو نوجوانوں کا اور آنے والا کل کا لیڈر بنانا ہے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ میرے پاکستان کا ہر بندہ باشعور اور محنت کش ہے، ہمیں اپنی عوام سے امیدیں ہیں، عوام پر ناز ہے، میں نے پاکستان کیلئے خواب دیکھے ہیں، میرے اور آپ کے بچوں نے یہاں رہنا ہے، یہاں بڑے ہونا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ بلوچستان کے کسانوں اورمزدوروں کی خدمت کی ہے، پاکستانی قوم کا کوئی بھی فرد کمزور نہیں ہے، مجھے پاکستان کی عوام اور پیپلزپارٹی کے جیالوں پر ناز ہے، میں نے پاکستان اور آنے والے مستقبل کے لئے خواب دیکھے ہیں۔