اسلام آباد : حکومتی ملکیتی اداروں کی اونرشپ اینڈ مینجمنٹ پالیسی 2023کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، نئی پالیسی کا اطلاق تمام حکومتی ملکیتی اداروں پر ہوگا۔وزارت خزانہ کے مطابق مستقبل میں حکومتی اداروں میں نئی بھرتیاں کنٹریکٹ پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ بناکر اداروں کی کارکردگی کی نگرانی کی جائیگی، مجوزہ یونٹ سرکاری اداروں کے بزنس پلان کا تجزیہ کرکے سفارشات دیگا۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ میں قابل اور تجربہ کار اسٹاف بھرتی کیا جائیگا۔
اعلامیہ کے مطابق ان اداروں کے آزادانہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ڈیٹابیس تیار کیا جائیگا، حکومتی ملکیتی اداروں سے متعلق پالیسی ہر 5سال بعد اپ ڈیٹ کرکے جاری ہوگی۔وزارت خزانہ کے مطابق حکومت سٹریٹجک نوعیت کے حساس اداروں کا کنٹرول پاس رکھے گی، تمام کمرشل سرکاری اداروں کی بتدریج نجکاری کی جائے گی، بعض اداروں کی تنظیم نو کرکے انکے مستقبل کا جلد فیصلہ کیا جائیگا۔اعلامیہ کے مطابق مالی یا آپریشنل طور پر ناکام اداروں کو بیمار کمپنی ڈکلیئر کیا جائیگا، ایسے اداروں کی بحالی، تعمیر نو، تنظیم نو کا پلان تیار کیا جائیگا۔