یروشلم: اسرائیل میں ایک بس اسٹاپ پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے جن میں سے 5 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی شہر یروشلم کی ایک مرکزی شاہراہ کے بس اسٹاپ پر درجنوں افراد کھڑے تھے کہ کار سوار مسلح افراد نے اتنی اچانک حملہ کیا کہ کسی کو سنھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔
اسرائیلی فوج نے دونوں حملہ آوروں کو مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں حملہ آور شکل اور حلیے سے فلسطینی لگ رہے تھے۔ ایک سے M-16 اور دوسرے کے پاس سے پستول ملا ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور جلد پتا لگالیں کہ ان کا تعلق کس گروپ سے تھا۔تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گاڑی کے اندر سے گولہ بارود اور ہتھیار ملے ہیں۔اسرائیل کے چینل 12 ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے سیکیورٹی کیمرے کی فوٹیج میں حملے کے لمحات کو دکھایا گیا ہے۔فوٹیج میں ہجوم سے بھرے بس اسٹاپ کے پاس ایک سفید کار رکی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ پھر دو آدمی باہر نکلتے ہیں اور فائرنگ کرتے ہوئے بھیڑ کی طرف بھاگتے ہیں۔تھوڑی دیر بعد حملہ آوروں کو گولی مار دی جاتی ہے۔