غزہ: غزہ میں 7اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ کے 56 ویں روز لڑائی ایک مرتبہ پھر شروع ہوگئی، سات دن کی عارضی جنگ بندی میں مزید توسیع دینے کی قطر اور مصر کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔ مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی صبح سات بجے جنگ بندی ختم ہوتے ہی اسرائیلی فوج نے غزہ پر دوبارہ وحشیانہ بمباری شروع کردی۔ خوفناک بمباری میں بچوں اور خواتین سمیت 109 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اس سے قبل ہی جنگ کے ابتدائی 48 دنوں میں 15000 فلسطینیوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔ حماس کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ فائر کئے گئے ہیں۔ فلسطینی وزارت داخلہ نے بتایا کہ اسرائیل نے شمالی اور وسطی غزہ میں نصیرات اور بریج پناہ گزین کیمپوں کے قریب بمباری کی۔ فلسطینی جنگجوؤں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان غزہ کے مختلف علاقوں میں بھی جھڑپیں شروع ہوگئیں ۔ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیا میں گھرکو نشانہ بنایا ۔
جمعہ کی صبح غزہ سے ایک راکٹ فائر کیا گیا جسے اسرائیلی فوج نے ٹریس کرلیا اور اسرائیلی علاقے میں انتباہی سائرن بجا دیا گیا۔ جمعہ کے دن شمالی اور وسطی غزہ دھماکوں سے گونجتا رہا۔ اسرائیلی حکام نے سات دنوں کی جنگ بندی میں 63 فلسطینی خواتین اور 147 بچوں کو رہا کیا۔ حماس نے 105اسرائیلی یرغمالیوں کورہا کیا ۔مصری حکام کے مطابق جنگ بندی کے دوران 2781 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس جان کربی نے کہا ہے کہ دوبارہ جنگ میں اسرائیل کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتامر بین گویر نے کہا کہ فوج کو اپنی پوری طاقت کے ساتھ غزہ واپس لوٹنا چاہیے۔بغیر کسی سمجھوتے کے حماس کو تباہ کردینا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا دوبارہ آغاز تباہ کن ہے اور اب بحران بدتر سطح پر آگیا ہے۔
سربراہ اقوام متحدہ نے غزہ میں جنگ کے دوبارہ آغاز پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یونیسیف نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد غزہ پر عدم توجہ بچوں کے قتل کی منظوری دینے کے مترادف ہے۔ برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے دبئی میں کوپ 28 سربراہی اجلاس میں اسرائیلی صدر سے ملاقات کی ۔ اسرائیلی صدر نے برطانوی بادشاہ سے کہا کہ وہ مغویوں کو وطن واپس لانے کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا سفارتی اثر و رسوخ استعمال کریں۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ تیدروس ایڈہانوم نے کہا ہے کہ غزہ میں صحت کا نظام ہنگامی بنیاد پر بحال کرنے کی ضرورت ہے لیکن اس وقت صرف ایک چوتھائی ہسپتال اور کلینکس فعال ہیں۔ سکاٹ لینڈ پارلیمنٹ میں غزہ سیزفائرکی حمایت میں قرارداد منظورکرلی گئی۔ 90 قانون سازوں نے قرار داد کے حق میں جبکہ 28 نے مخالفت کی۔انس وزیر نے قرار داد پیش کی تھی۔ ہسپانوی وزیراعظم کی جانب سے غزہ میں اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عالمی قوانین کی عدم پاسداری پر سوال اٹھانے پر اسرائیل نے سپین سے اپنا سفیر واپس بلالیا۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے تل ابیب میں موجود ہسپانوی سفیر کو بھی احتجاج کے لیے طلب کرلیا۔ یہ 10 روز میں ہسپانوی سفیرکی دوسری بار طلبی ہے۔ فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ ایک مخصوص ٹائم ٹیبل کے اندر دو ریاستی حل کے حصول کے لیے بین الاقوامی محاذ تشکیل دیا جائے۔