پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن آج ہوں گے

پشاور (اُمت نیوز)تحریک انصاف کے آج ہونے والے انٹراپارٹی انتخابات کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، ووٹنگ شام 4 بجے تک جاری رہے گی جس کے مقام کو خفیہ رکھا گیا ہے۔
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے پشاور کے علاقے رانڑو گڑھی میں پولنگ سینٹر قائم کردیا گیا، پریزائیڈنگ آفیسر خیبرپختونخوا علی زمان سینٹر پہنچ گئےہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی ووٹرز ایپ کے ذریعے ووٹ ڈال سکتےہیں، سینٹر سے انٹرا پارٹی انتخابات کی مانیٹرنگ ہوگی جس کے نتائج کا اعلان بھی رانڑو گڑھی سینٹر سے ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی چیئرمین کے لیے بیرسٹر گوہر خان اور صوبائی صدارت کے لیے علی امین گنڈاپور جب کہ پشاور ریجن کی صدارت کیلئے عاطف خان امیدوار ہیں۔
پارٹی تمام امیدواروں کو بلا مقابلہ منتخب کرانے کے لیے کوشاں ہے، اگر مقابلے میں امیدوار سامنے نہیں آتے تو امیدواران بلامقابلہ منتخب ہوجائیں گے۔
انٹرا پارٹی انتخابات میں علی امین گنڈاپور صوبائی پارٹی صدارت کے امیدوار ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے نامزد کردہ امیدوار برائے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔
کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر سردار مصروف خان ایڈووکیٹ نے وصول کیے، سینئر مرکزی رہنما احمد اویس بیرسٹر گوہر علی خان کے تجویز کنندہ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن تائید کنندہ ہیں۔
دوسری جانب تحریک نصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر 13 سال بعد اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹریٹ پہنچے، جہاں انہوں نے کہا کہ وہ انٹرا پارٹی الیکشن، کاغذات نامزدگی، ووٹر لسٹ اور الیکشن کے طریقہ کار کی معلومات حاصل کرنے آئے ہیں۔
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے پریزائیڈنگ آفیسر نے کمشنر کو خط لکھ کر کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن موٹروے ٹول پلازہ کے قریب منعقد ہوں گے جس کے لیے سکیورٹی فراہم کی جائے۔
ایس ایس پی آپریشنز نے رات گئے رانو گڑھی کا دورہ کیا اور کہا کہ انٹر پارٹی الیکشن والا مقام محفوظ بنائیں گے۔
واضح رہے کہ 23 نومبر کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا تھا اور پی ٹی آئی کے لئے مشروط طور پر عام انتخابات میں بلے کا انتخابی نشان برقرار رکھا تھا۔