ملتان: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اگر اقتدار ملتا ہے تو صاحب اقتدار ہوکر ہر شہری کے حق کا تحفظ کرنا ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سجاد کو جماعت میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں، میری زندگی کی تعمیر میں اس بستی کا بڑا کردار ہے، میں شوگر کا مریض ہوں لیکن آم کھانے ادھر ہی آیا کرتا ہوں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کا تاسیس کسی ایک مسلک کے علما کا نہیں، برصغیر کے تمام مکاتب فکر کے علما تاسیس کے وقت موجود تھے، ہم نے سیاست کی ہے، دینی اور مذہبی رویوں کو برقرار رکھا ہے، ہم نے ان رویوں کو اپنایا جس میں فرقہ واریت کی گنجائش نہیں۔
مولانا نے کہا کہ اختلاف میں نرمی اور شدت پیدا کرنا انسان کے اپنے اختیار میں ہے، ہمیں اختلافات میں نرمی کو فروغ دینا ہے شدت کو نہیں، عوام کے ساتھ ہمارا تعلق سماجی ہونا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حق بات کو فروغ دینا شائستہ لب ولہجے میں بھی ہوسکتا ہے، اللہ لوگوں کو دعوت کا طریقہ سکھاتا ہے ’لوگوں کو رب کے راستے کی طرف بلاؤ حکمت اور شائستہ آواز کے ساتھ‘، جمعیت علماء اسلام ایک سیاسی قوت ہے، اسلام کے خلاف کوئی فتنہ کھڑا ہوتا ہے تو مقابلہ کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے۔