لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے ملک کے مسائل کا واحد حل الیکشن کا بروقت انعقاد ہے،الیکشن کے حوالے سے قیاس آرائیاں ختم ہونی چاہئیں۔ پارٹی رہنماؤں اور سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے نواز شریف کے خلاف ہر سازش کو کچل دوں گا، جو نوازشریف کہیں گے وہی کروں گا، جہاں سے وہ ٹکٹ دیں گے وہیں سے الیکشن لڑوں گا۔ نوازشریف کی قیادت میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے،سیاسی استحکام سے ہی معیشت اور عوام کے مسائل حل ہوں گے، الیکشن جیت کر مہنگائی کو ہرائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا مسلم لیگ (ن) میرٹ پر ٹکٹوں کے فیصلے کرے گی ، جماعتوں میں اختلاف رائے ہوتا ہے لیکن دانیال عزیز نے جو راستہ اختیار کیا ہے اس کی حمایت نہیں کی جا سکتی ۔ قبل ازیں خواجہ سعد رفیق کی سربراہی میں ڈویژنل پارلیمانی بورڈ نے لاہور آفس میں پارٹی ٹکٹ کے حصول کیلئے درخواستیں دینے والے امیدواروں کے انٹرویوز کئے ،بورڈ کے ممبران نے صوبائی و قومی اسمبلی کے21 حلقوں کے میدواروں کے انٹرویوز کیے گئے۔بورڈ امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کرکے اپنی سفارشات مرکزی پارلیمانی بورڈ کو رپورٹ پیش کرے گا۔ مسلم لیگ (ن) کا پارلیمانی بورڈ آج راولپنڈی ڈویژن سے ٹکٹ کے حصول کیلئے درخواستیں دینے والے امیدواروں کے انٹر ویوز کرے گا ۔