عمران خان کے بعد اب نواز شریف لاڈلا بن چکا ہے، آصف زرداری

لاہور(اُمت نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے بعد اب نواز شریف لاڈلا بن چکا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں پنجاب اور لاہور کی قیادت سے ملاقات کی اور انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ شرکا سے اظہار خیال کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ عمران خان کے بعد اب نواز شریف لاڈلا بن چکا ہے، عوام لاڈلوں کو نہیں اپنے منتخب نمائندوں کو پسند کرتے ہیں۔
اندرونی کہانی کے مطابق آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ریڈ کارپٹ لاڈلوں کیلئے بچھایا جاتا ہے، ہمارے لئے نہیں، ہم نے کسی اور کے نہیں بلکہ عوام کے دل جیتنے ہیں۔ عام انتخابات میں گھبرانے کی ضرورت نہیں، ہم کو بھرپور مقابلہ کرنا ہے، لاہور اور پنجاب کے ہر حلقے میں اچھے امیدوار لانے ہیں اور الیکشن جیت کر بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت امیدواروں کا بھرپور ساتھ دے گی، بلاول بھٹو زرداری پنجاب کے نو ڈویژن میں کنونشن سے خطاب کریں گے۔ دوران اجلاس سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو الیکشن میں ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز کیلئے نامزد کیا گیا اور طے پایا کہ وہ صوبائی و ضلعی عہدے داران کے ساتھ مل کر انٹرویو کریں گے۔
ذرائع کے مطابق راجہ پرویز اشرف پارٹی قیادت کے حکم پر آج لاہور پہنچیں گے۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی لاہور کے صدر اسلم گل نے اصف زرداری کو امیدواروں کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ پی پی پی وسطی پنجاب کے قائمقام صدر رانا فاروق سعید نے اضلاع میں امیدواروں کی پوزیشن کے بارے میں آگاہ کیا۔ پیپلز پارٹی پنجاب کی صدر شمینہ خالد گھرکی نے بھی اپنے قومی حلقہ سمیت لاہور کی تازہ صورت حال کے حوالے سے آگاہ کیا۔