ورسک روڈ بابو گڑھی میں دھماکا،4 افراد زخمی

پشاور(اُمت نیوز)ورسک روڈ بابو گڑھی میں دھماکا ہوا ہے، جس میں 3 بچوں سمیت 4 افراد کے زخمی ہوئے، ایس ایس پی ارشد خان کا کہنا ہے کہ روڈ کنارے بارود نصب کیا گیا تھا، جس میں 4 کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا۔
پشاور کے ورسک روڈ بابو گڑھی میں دھماکا ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 3 بچے اور ایک شخص زخمی ہوا، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا نجی بینک اور اسکول کے قریب ہوا، جس سے 2 گاڑیوں اور قریبی عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں بھی پہنچ گئیں اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
ایس پی ارشد خان کا کہنا ہے کہ دھماکا صبح 9 بج کر 10منٹ پر ہوا، روڈ کنارے بارود نصب کیا گیا تھا، جس میں 4 کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا۔
ایس ایس پی نے کہا کہ دھماکے کا ہدف بتانا قبل ازوقت ہوگا، کرائم سین کی تحقیقات چل رہی ہیں۔