اسلام آباد : وزارت خزانہ نے 8 فروری کے الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کو 17 ارب 40 کروڑ روپے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا کہ وزارت خزانہ نے اس سے قبل 10 ارب روپے جاری کئے تھے۔اعلامیے کے مطابق مجموعی طور پر الیکشن کمیشن کو 27 ارب 40 کروڑ جاری کئے جا چکے ہیں۔بجٹ میں الیکشن کے لیے 42 ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بجٹ میں عام انتخابات 2024ء کےلئے مختص رقم ریلیز نہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھا۔
ادھر الیکشن کمیشن نے اگلے عام انتخابات کےلئے حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت اور ترسیل کا کام شروع کردیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اعام انتخابات کے لیے تازہ ترین اور حتمی ا نتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ نادرا کے دفاتر میں پہلے ہی جاری ہے اور مختلف اضلاع میں ان فہرستوں کی ترسیل شروع کردی گئی ہے جو مقررہ وقت تک پوری کر لی جائے گی۔