اسلام آباد: تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں ایک گاڑی پر قاتلانہ حملے میں ن لیگ کے سابق یوسی چیئرمین سمیت 4افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کےمطابق اسلام آباد کے علاقے جھنگی سیداں میں قتل کی لرزہ خیز واردات میں ن لیگ کے رہنما بیٹے سمیت قتل کر دیے گئے۔تھانہ شہزاد ٹاون کی حدود میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق یو سی چئیرمین ابرار شاہ کی گاڑیوں پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔ حملے کے دوران ابرار شاہ کی گاڑی پر گولیاں چلا دی گئیں۔ نامعلوم حملہ آوروں کی شدید فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ن لیگ کے سابق چئیرمین یو سی جھنگی سیداں ابرار شاہ اپنے بیٹے سمیت جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملے میں کل 4 افراد کی موت ہوئی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ کو مکمل طور پر سیل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی بیان کے مطابق قتل کی یہ واردات ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہو رہی ہے۔دریں اثناء وفاقی دارالحکومت میں تھانہ بارہ کہوکی حدود سترہ میل کے علاقہ میں دومسلح افغان باشندوں نے راستہ کے تنازع پر کارمیں سوارمیاں بیوی پراندھا دھند فائرنگ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ کار میں سوار بیٹی فائرنگ سے معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔ملزمان دوہرے قتل کی سنگین واردات کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے ہیں جنکی گرفتاری کے لئے پورے علاقہ میں پولیس ٹیمیں سرچنگ کرتی بتائی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق انجینئر محمدعاصم لانگ اپنی اہلیہ ردائے نور اور کمسن بیٹی سبرینہ کے ساتھ کارمیں گھر پہنچے تھے کہ انہیں پڑوسی مبینہ افغان باشندے شریف اللہ اوراسماعیل نے راستہ نہ دیا جس پر ان کے درمیان تکرار ہوگئی اور افغان شہریوں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے دونوں میاں بیوی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ انکی کمسن بیٹی سبرینہ فائرنگ سےمعجزانہ طور پر بچ گئی۔ دوسری جانب آئی سی سی پی او ڈاکٹراکبر ناصر خان نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔ ایس ایس پی آپریشنز نے ملزمان کی گرفتاری کے کئے تین الگ الگ پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔