کراچی :عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ مال میں لگنے والی آگ تقریبا ڈھائی گھنٹے بعد بھجادی گئی، خوفناک آتشزدگی کے باعث 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، شاپنگ مال میں لگنے والی آگ پر تقریبا ڈھائی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا جبکہ عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقعے میں عمارت سے ایک اور لاش نکال لی گئی، آتشزدگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہوگئی۔ تینوں افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ آتشزدگی سے 2 افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔
اس سے قبل شہر قائد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ مال میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے رہائشی فلیٹوں، دکانوں اور عمارت کی بالائی منازل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق آگ ابتدائی طور پر ایک فوم ( بیڈ میٹریس) فروخت کرنے والی دکان میں لگی، آس پاس کی دکانیں بھی اسی کاروبار کی ہیں، جس کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔ آگ لگنے کے بعد فائربریگیڈ کو پہنچنے میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ لگا جس کی وجہ سے آگ مزید پھیل گئی۔ آگ میں لپٹی عمارت میں کئی لوگ موجود تھے جو موبائل فون کی ٹارچ مار کر ریسکیو عملے کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانا چاہ رہے تھے۔
ڈائریکٹر ریسکیو 1122 سندھ عابد شیخ کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت کا گراؤنڈ اور میز نائن فلور کمرشل مقاصد کے لیے استعمال ہو رہا تھا، متاثرہ عمارت کے 4 فلور پر فلیٹ بنے ہوئے تھے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ موقع پر موجود ہیں اور آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں، فائر آڈٹ سے متعلق اقدامات شروع کردیے گئے ہیں، تمام شاپنگ مالز اور رہائشی عمارتوں کا آڈٹ کیا جائے گا، آگ سے بچاؤ کے انتظامات کا کراچی بھر کی عمارتوں میں جائزہ لیا جائے گا۔