اسرائیلی فوج کا خان یونس کا محاصرہ،گلیوں میں لڑائی شروع

غزہ: اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے جنگ کے بعد غزہ کا سکیورٹی کنٹرول سنبھالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں کوئی بھی بین الاقوامی مداخلت ناقابل قبول ہے،فلسطینی اتھارٹی کبھی غزہ کی قیادت نہیں کرسکے گی۔اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی کے وسطی شہر خان یونس کا محاصرہ کر لیا ہے،گلیوں اور عمارتوں میں شدید لڑائی شروع ہو گئی ہے، حماس نےگوریلا کارروائیوں میں اسرائیل کے کئی ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ کردی ہیں جبکہ تل ابیب اور عسقلان شہر پر راکٹ حملے کیے ہیں۔

دریں اثنا ترک صدر اردوان نےکہا ہےکہ غزہ کے مستقبل کا فیصلہ فلسطینی کریں گے،بفرزون بنانے کا اسرائیلی منصوبہ مسترد کرتے ہیں، اگر اسرئیل نےترکی میں حماس کے ارکان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔علاوہ ازیں چین اور امریکہ کے وزرائے خارجہ وانگ ژی اور انٹونی بلنکن کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال اورباہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی شہریوں کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ حماس نے 7اکتوبر کو حملے کے دوران خواتین کی عصمت دری کی، عالمی تنظیمیں اس جنسی تشدد کی مذمت کریں۔