کندھے کی تکلیف میں بہتری آنے پر نسیم شاہ نے باؤلنگ شروع کر دی

لاہور ( اُمت نیوز) کندھے کی تکلیف میں بہتری آنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے چھوٹے رن اَپ کے ساتھ باؤلنگ کا شروع کر دی۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور میں فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے ری ہیبلی ٹیشن کے آخری مرحلے کا آغاز کر دیا ہے، فاسٹ باؤلر نسیم شاہ ڈاکٹر سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ اور فزیو تھراپسٹ کی نگرانی میں ٹریننگ کر رہے ہیں، نسیم شاہ فی الوقت ہلکی ورزش اور جزوی باؤلنگ پریکٹس کر رہے ہیں جبکہ آج سے باقاعدہ بیٹنگ بھی شروع کر دیں گے۔

واضح رہے کہ فاسٹ باؤلر ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی برطانیہ میں سرجری ہوئی، بعدازاں وہ بحالی اور ابتدائی تربیت کیلئے 2 ماہ تک برطانیہ میں رہے تھے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے نسیم شاہ کے میڈیکل کے تمام اخراجات برداشت کیے اور اس دوران ماہر میڈیکل سٹاف مستقل ان کا خیال رکھتا رہا۔