اسلام آباد: سابق چئیرمن پی ٹی آئی نے پانچ سال کیلیے نااہلی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہوں۔
بانی تحریک انصاف نے بیرسٹر گوہراورعلی ظفر کے ذریعے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، جس میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 اگست 2023 کو پانچ سال کیلئے بطور رکن اسمبلی نااہل کیا، الیکشن سے باہر کرنے کے لیے جلد بازی میں غیر قانونی اقدام کیا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے، درخواست گزار الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہے، اس پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، عدالت پانچ برس کی نااہلی کو کالعدم قرار دے، اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔