کراچی: عرشی شاپنگ مال میں آگ لگنے کا دلخراش واقعہ 5 خاندانوں کو عمر بھر کا روگ دے گیا،جان بھی گئی اورسرمایہ بھی راکھ ہوگیا ہے۔سانحہ عرشی مال میں جھلس کرجاں بحق ہونے والے نعمان کا تعلق نیو کراچی سے تھا اوروہ درزی کا کام کرتا تھا۔نعمان کے چار معصوم بچے ہیں۔ نعمان کا بھائی عاصم بیگ بھی حادثے کے وقت اس کے ہمراہ تھا لیکن خوش قسمتی سے وہ اس حادثے میں اپنی زندگی بچانے میں کامیاب رہا۔
اورنگی ٹاؤن کے ریاض احمد کی بیوہ شدت غم سے نڈھال ہیں کہ آخر کب تک گھروں کے کفیل ناقص حفاظتی اقدامات کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے۔منگھوپیر سے تعلق رکھنے والے غلام رضا کی موت پر اہل خانہ کے ساتھ اہل محلہ بھی غم سے نڈھال ہیں۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ جانے والے تو واپس نہیں لوٹتے، لیکن ہر حادثے کے بعد ذمہ دار انتظامیہ اور حکومتی نمائندے اظہار افسوس کرتے ہیں مگر حفاظتی اقدامات کو چیک کرنا اوراس قسم کے حادثات کوروکنابھول جاتے ہیں کہ انہیں شاید دوسرے حادثے کا انتظار ہوتا ہے۔