کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیزی کے باعث 100 انڈیکس 66000 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور کر گیا۔
کارباوری ہفتے کے آخری روز 100انڈیکس 1436پوائنٹس کے اضافے سے 66155 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر آگیا۔ مارکیٹ میں پہلے سیشن کا اختتام ہوگیا۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں پہلے اسلامک سکوک بانڈز کی نیلامی کا آغاز ہوگیا ہے۔
فروری تک بانڈز کی تین نیلامیوں سے 90 ارب روپے کا ہدف ہے، نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اسٹاک ایکسچینج میں پہلے سکوک بانڈ کی نیلامی کا افتتاح کیا۔
بین الاقوامی اسلامی بینک، مالیاتی ادارے، غیرملکی سرمایہ کار، بیرون ملک مقیم پاکستانی اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہولڈر سبھی نیلامی میں بولی لگانے کے اہل ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق سکوک کا اجرا ملک میں اسلامی بانڈ مارکیٹ کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا اور چھوٹے سرمایہ کاروں کو شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کی طرف راغب کرے گا۔
اجارہ سکوک اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ رواں مالی سال معیشت کو چیلنجز کا سامنا رہا تاہم آئی ایم ایف معاہدے نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ معاشی بہتری سے اسٹاک مارکیٹ ستمبر سے 40 فیصد بڑھی ہے جبکہ ڈالر کا بھاو ستمبر میں 307 روپے تھا جو آج 284 کے لگ بھگ ہے، مہنگائی کی شرح کم ہوکر 29.3 فیصد ہوئی ہے۔