برطانیہ میں نماز کے دوران مسجد کو بم سے اڑانے کی دھمکی

برطانیہ (اُمت نیوز)برطانیہ میں 7 ہزار نمازیوں کی گنجائش رکھنے والی مسجد کو بم کی اطلاع ملنے پر خالی کروالیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں یورپ کی سب سے بڑی مساجد میں سے ایک کو پولیس نے بم کی اطلاع پر خالی کروا کرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا۔
رپورٹ کےمطابق لندن میں واقع ایسٹ لندن مسجد کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، یہ مسجد ٹاور ہیملٹس میں واقع ہے جو کہ یورپ کی بڑی مساجد میں سے ایک ہے جب کہ مسجد میں 7 ہزار نمازیوں کی گنجائش موجود ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے دھمکی آمیز ای میل نامعلوم کی جانب سے کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مسجد میں بم موجود ہے جس کو عین نماز کے دوران اڑا دیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسجد کو موصول ہونے والی دھمکی آمیز ای میل کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مسجد کو خالی کروالیا جب کہ بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مسجد کو کلیئر قرار دیا تاہم اس دوران نماز کا وقت نکل گیا۔