7 فیصد فوجی شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار  ہیں، فائل فوٹو
7 فیصد فوجی شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار  ہیں، فائل فوٹو

حماس نے420 اسرائیلی فوجی ہلاک،2 ہزار معذورکر دیے

تل ابیب : اسرائیل حماس جنگ میں اب تک 420 اسرائیلی فوجی ہلاک ،2 ہزار  سے زائد معذور  ہوچکے ۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی محکمہ دفاع  نے 2 ہزار  سے زائد فوجیوں کے معذور  ہونےکی تصدیق کی ہے۔

ایک اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی  زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 58 فیصد سے زائد شدید زخمی ہیں اور ان کی حالت خراب ہے۔

اسرائیلی وزارت دفاع کی سربراہ نے اخبار کو  بتایا کہ ہمیں اس سے قبل اس طرح کی صورت حال کا کبھی  سامنا نہیں کرنا  پڑا، زخمی فوجیوں کے ہاتھوں اور ٹانگوں میں شدید  زخم آئے ہیں اور  بہت  سے ایسے ہیں جن کے ہاتھ اور  پاؤں کاٹنے پڑے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 12 فیصد زخمی ایسے ہیں جنہیں شدید اندرونی زخم آئے ہیں اور ان کے اعضا شدید متاثر ہوئے ہیں۔

صیہونی وزارت دفاع کے حکام نے اخبار کو بتایا کہ7 فیصد فوجی شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار  ہیں اور ہمیں اندازہ ہےکہ ایسے فوجیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ اسرائیلی جارحیت میں 7 اکتوبر سے اب تک  غزہ کے شہدا کی تعداد 18 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔