کوہاٹ : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کہا گیا کے پی میں کسی اور کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ ہوچکا، ثابت ہوا کہ کے پی میں بھٹو زندہ ہے اور رہے گا، پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہ تو کوئی کھلاڑی کر سکتا ہے نہ کوئی اور۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں کے پی میں کنونشن نہ کرنے کا کہا گیا اور کہا گیا کہ صوبے میں سیکیورٹی خطرات ہیں، کہا گیا کے پی میں کسی اور کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ ہوچکا ہے، لیکن میں یہاں کے کارکنوں اور امیدواروں کا شکر گزار ہوں، ہماری جماعت کے ورکرز کنونشن تمام خدشات کے باوجود کامیاب رہے، اور ثابت ہوا کہ کے پی میں بھٹو زندہ ہے اور رہے گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جیالے ہمیشہ الیکشن کے لیے تیار ہیں، ملک کے تمام مسائل کا حل پی پی کے منشور میں موجود ہے، ہمارا کوئی سیاسی مخالف نہیں، ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں غربت اور مہنگائی سے ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ ہیں، یہ جماعت اشرافیہ کی نہیں عوام کی جماعت ہے، روٹی، کپڑا اور مکان نعرہ غریب کے مسائل حل کرنے کے لیے دیے، چاہتے ہیں گھر گھر صحت کی سہولیات پہنچائیں۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایک شخص جیل سے نکلنے اور ایک جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑنا چاہتا ہے، پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہ تو کوئی کھلاڑی کر سکتا ہے نا کوئی اور، فروری میں پرانی اور تقسیم کی سیاست کو دفن کردیں گے، کوئی تیار نہ ہو، ہم الیکشن کے لیے تیار ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ قوم کو بتانا ہوگا کہ قائد عوام کے قتل میں سہولتکار کون تھا، آمر اور کچھ سیاست دان شہید بھٹو کے قتل کے سہولتکار تھے۔