کوہاٹ : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول کا کہنا ہے ایک جیل سے نکلنے کے لیے اور دوسرا جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور نواز شریف نے 18ویں ترمیم پر عملدرآمد نہیں کیا۔ ہمارا مقابلہ سیاست دانوں سے نہیں، بے روزگاری، مہنگائی اور غربت سے ہے۔ کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا خیبر پختونخوا میں سیکورٹی معاملات ٹھیک نہیں یہاں دہشتگرد پھر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوامی سیاست اور پسماندہ علاقوں کے مظلوم عوام کی نمائندگی کی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غربت کا مقابلہ کیا ہے، کمزور طبقے کی نمائندگی کی ہے۔
بلاول نے کہا عوام کے مسائل کے حل کے لیے الیکشن لڑ رہا ہوں، پیپلز پارٹی اشرافیہ کی نہیں، غریبوں، مزدوروں اور سفید پوش طبقے کی نمائندگی کرتی ہے، ہم روایتی اور تقسیم کی سیاست کو دفن کر کے خدمت کی سیاست کا آغاز کریں گے۔ہم کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ صحت کی مفت سہولت ملک کے ہر گھر میں ہو، ہم چاہتے ہیں پختونخوا کے ہر ضلع میں مفت علاج کی سہولت ہو۔
حکومت بنا کر عوام کو ان کا حق دیں گے۔ انہوں نے کہا ہم امید کرتے ہیں کہ پوری دنیا کو بتایا جائے گا کہ مسلم امہ کے لیڈر کو پھانسی پر کیوں چڑھایا گیا، ہم عوام پر یقین رکھتے ہیں، ہمارے قائد نے سکھایا تھا کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہیں۔